علامہ عارف حسین الحسینی کی اکتیسویں برسی، پریڈ گراونڈ میں عظیم الشان ناصرانِ ولایت کانفرنس +تصاویر


علامہ عارف حسین الحسینی کی اکتیسویں برسی، پریڈ گراونڈ میں عظیم الشان ناصرانِ ولایت کانفرنس +تصاویر

علامہ عارف حسین الحسینی کی اکتیسویں برسی کی مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں عظیم الشان ناصرانِ ولایت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی اکتیسویں برسی کی مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں ناصرانِ ولایت کانفرنس کے شرکاء امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں ناصرانِ ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل آف سینچری کے نام پر فلسطین کی سرزمین پر غاصبانہ اسرائیل کے قبضے کو اْمت مسلمہ مسترد کرچکی ہے۔ مذہب کے نام پر اپوزیشن جماعتیں اپنے سیاسی اغراض و مقاصد کے لئے تکفیر اور مذہبی کاڑد کو استعمال نہ کریں، 40 سال سے پاکستان مذہبی کارڈ اور تکفیر کی وجہ سے لاکھوں پاکستانیوں کی قربانی دے چکا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی کو بہتر اور متوازن بنا کر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی تنازعات کا حصہ بننے کے بجائے اس کے حل کے لئے کردار ادا کرنا چاہیئے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں سیاسی مخالفین کے خلاف ناموس رسالت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہیں، مذہبی مقدسات کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے والے دنیا اور آخرت میں جوابدہ ہوں گے۔ ملک کی لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی وصول کرکے غریب عوام کی فلاح و بہود پر خرچ کرنی ہوگی۔


انہوں نے کہا کہ پلی بارگینگ کے نام پر لٹیروں کو چھوٹ دینے کی پاکستانی قوم کبھی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں اپنی بدترین شکست کو فتح میں تبدیل کرنے کے لئے پاکستان کا کندھا استعمال کرنا چاہتا ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ اس وقت خطے میں امریکا، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ امتِ مسلمہ اور پاکستان کے خلاف تیار ہو رہا ہے، امریکا نے اسرائیل کی ایماء پر فلسطین کے خلاف ڈیل آف سینچری نامی سازش رچائی، جو کہ ذلت آمیز شکست کا شکار ہوئی، امریکا صدی کی ڈیل کے نام پر فلسطین پر اسرائیل کو مسلط کرنا چاہتا ہے اور اسی طرح کشمیر پر ہندوستان کا تسلط قائم کرکے وہاں مسلمانوں کی نسل کشی چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عراق میں شہید باقر الصدر، لبنان میں شہید عباس موسوی اور پاکستان کی سرزمین پر شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے اسلامی تحریک کو آگے بڑھایا، ولایت فقیہ کا مطلب عصر حاضر میں یہود و نصاریٰ کی ولایت کا انکار ہے، جس تحریک میں خون شامل ہو جائے، اس کو کوئی یزید روک نہیں سکتا ۔


مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی سازش ہے کہ ملت جعفریہ کو ٹکروں اور گروہوں میں تقسیم کر دیا جائے اور بصیرت یہی ہے کہ ہم تقسیم نہ ہوں، قائد شہید نے ساڑھے چار سال کے مختصر عرصے میں ہمیں بصیرت عطا کی اور بتایا کہ زندہ کس طرح رہنا ہے۔
پریڈ گراونڈ میں ناصران ولایت کانفرنس سے خطاب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے کہا کہ آج ہم اس ہستی کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، جس نے اس ملک میں مظلوموں کی آواز بلند کی اور امریکی ایجنڈے کو ناکام بنایا، دشمن سمجھتا تھا کہ وہ علامہ عارف حسین کو شہید کرکے اُن کے افکار ختم کر دے گا، مگر وہ اس میں ناکام ہوگیا، قائد کے وارثان زندہ ہیں، اسلامیان پاکستان نے آپ کا راستہ نہیں چھوڑا۔


قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے فرند سید حسین الحسینی نے اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں ناصران ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں سربراہ مجلس وحدت مسلمین اور ان کی ٹیم کو اور تمام پیروکاران شہید حسینی کو، جو دور دراز کے علاقوں سے یہاں تشریف لائے ہیں اور شہید کی فکر کو زندہ رکھنے میں کردار ادا کر رہے ہیں، اکتیس سال بعد بھی اگر یہاں لوگ موجود ہیں تو یہ شہید حسینی کی محبت کا نتیجہ ہے، شہید حسینی کا نام ہمارے درمیان اتحاد و وحدت کا ضامن ہے، شہید کا نام ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم ایک ہو جائیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری