آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع + نوٹیفکیشن


وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کے لیے توسیع کردی ہے۔
وزیراعظم آفس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے یہ فیصلہ ملک اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کے تسلسل میں کیا۔
یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نومبر 2016 میں اس وقت کے صدر ممنون حسین کی تجویز پر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کیا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس فیصلے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے کشمیر اور خطے کی صورتحال اور افغانستان میں جاری امن عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالات کے مطابق کیا گیا ہے اور اللہ کرے کہ قوم اور ملک کے لیے مبارک ہو۔
برگیڈئیر ریٹائرڈ فاروق حمید نے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے اچھی خبر ہے اور بھارت کے لئے بری خبر ہے۔ حکومت نے بہت اچھا اقدام کیا ہے کیونکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کی توسیع کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف کے روپ ہی میں نہیں دیکھا بلکہ انکی سفارتکاری بھی ہم نے دیکھی ہے۔ سعودی عرب، ایران اور مشرق وسطی میں بھی انہیں اچھی نظروں سے دیکھا جاتاہے۔


جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی کیریئر کا آغاز 16 بلوچ ریجمنٹ سے اکتوبر 1980ء میں کیا تھا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج (ٹورانٹو)، نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹیری (کیلی فورنیا)، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔
وہ کوئٹہ میں انفرینٹری اسکول میں انسٹرکٹر کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ کانگو میں اقوام متحدہ کی امن فوج کی کمانڈ بھی سنبھال چکے ہیں۔