سوڈان میں بارشوں نے قیامت برپا کردی، 46 ہلاک متعدد زخمی


سوڈان میں بارشوں نے قیامت برپا کردی، 46 ہلاک متعدد زخمی

سوڈان میں مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 46 ہوگئی جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق افریقی ملک سوڈان میں شدید بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ، بجلی کے پول گرنے، سیلاب اور دیگر واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 46 ہوگئی ہے جب کہ 100 سے زائد زخمی ہیں۔

سوڈان میں گزشتہ دو ماہ سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے 18 میں سے 16 صوبوں کو متاثر کیا ہے۔ 2 دن سے بارشوں نے شدت اختیار کرلی ہے، جس میں 16 ہزار گھر تباہ ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ڈیم ٹوٹنے کے باعث سیلابی ریلا مقامی آبادی میں داخل ہوگیا۔

اس افتاد پر ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ جبکہ ریلیف کیمپوں میں غذائی اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔ ان حالات میں وبائی امراض پھوٹنے کا بھی خدشہ ہے۔

مختلف مقامات سے 100 سے زائد زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں سے 6 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ اس صورت حال کے پیش نظر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے سلسلوں کے مزید ایک ہفتے تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ امدادی ٹیمیں مسلمسل اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔ علاوہ ازیں بہت سی جگہوں پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بھی پانی کا انخلا کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری