جیسے روزے مکمل ہونے پر عید الفطر، حج مکمل ہونے پر عید الاضحی، ایسے ہی دین مکمل ہونے پر عید الغدیر

غدیر کے دن اللہ تعالی نے تمام مخلوقات سے امیر المومنین علیہ السلام اور آئمہ اطہار علیہم السلام کی ولایت و امامت کا عہد لے کر دین کے مکمل ہونے کا اعلان فرما دیا۔

جیسے روزے مکمل ہونے پر عید الفطر، حج مکمل ہونے پر عید الاضحی، ایسے ہی دین مکمل ہونے پر عید الغدیر

اللہ تعالی نے عالم وجود کے بعض اہم امورجو اہل بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کے ساتھ وابستہ ہیں کو عزت و وقارسے نوازا ہے۔

مثال کے طور پر جمعہ کے دن ایک شخص نے حضرت امام باقرعلیہ السلام سے عرض کیا: جمعہ کو جمعہ کیوں کہا گیا ہے؟ حضرت نے فرمایا: إنَّ اللّهَ عَزَّوَجَلّ جَمَعَ فِیها خَلْقَهُ لِوِلایةِ مُحَمَّدٍ وَوَصِیِّهِ فِی المِیثاقِ، فَسَمّاهُ: یَوْمَ الجُمعَةِ لِجَمْعِهِ فِیهِ خَلْقَهُ؛
ترجمہ: جمعہ ”جمع“ سے ماخوذ ہے، جس کے معنی ہےجمع ہونا؛ اللہ تعالی نے اس دن تمام مخلوقات کو جمع کر کے ان سے حضرت محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے جانشین حضرت علی علیہ السلام کو رہبر تسلیم کرنے کا عہد لیا تھا۔ چونکہ اس روز ساری مخلوق جمع ہوئی تھی اس لیے اِس دن کو جمعہ کہا جاتا ہے۔ (کافی، ج 3 )

اسی طرح یوم غدیر کا ''پورے سال کے ایام میں افضل ترین یوم سمجھا جانا'' بھی اسی زمرے میں آتا ہے کیونکہ اسی دن پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت علی علیہ السلام اور باقی آئمہ اطہار علیہم السلام کی امامت کا اعلان کیا تھا۔

گویا ہم یوں کہہ سکتے ہیں کہ غدیر کے دن اللہ تعالی نے آئمہ اطہار علیہم السلام کی ولایت و امامت کا ساری مخلوق سے عہد و میثاق لیا ہے۔

پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اس عظیم پیغام کو پہنچانے پر مامور تھے یعنی اللہ تعالی کی طرف سے ان کو امامت و ولایت کا اعلان کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس تناظر میں علامہ محمد تقی مجلسی نے کتاب لوامع صاحبقرانی میں امام صادق علیہ السلام سے روایت نقل کی ہے کہ: غدیر کو آسمانوں میں «یوم العهد المعهود» کہا جاتا ہے۔ غدیر ایک ایسا دن ہے جس روز پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے أَلَسْتُ بِرَبِّکُمْ کو روے زمین پر دہرایا ہے۔ زمین پر اسے «یَوْمَ الْمیثاق الْمَاخُوذِ وَ الْجَمْعُ الْمَشْهُودَ؛ کہتے ہیں یعنی زمین پر سب کے سامنے عہد ومیثاق لینا۔

غدیر ایک ایسا دن ہے کہ جس میں اللہ تعالی نے پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توسط سے اپنے بندوں سے عہد وپیمان لیا اور دین کے مکمل ہونے کا اعلان فرما دیا۔

پیغمبر اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تمام اصحاب کرام کو غدیرخم کے میدان میں جمع کرکے سب سے عہد لیا اور اس کام پر تمام فرشتے، اولیا، اوصیا اور انبیاء کو گواہ بنایا۔

لہذا غدیر کا دن امام اور ولی امر جہان کے ساتھ تجدید عہد کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔

تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صحیح معنوں میں معرفت نہ ہونے کی وجہ سے عموما مسلمان ایسی عظیم عیدوں کا حق ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔

 

سب سے زیادہ دیکھی گئی اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری