کشمیریوں کی حمایت پر آیت اللہ خامنہ ای کا شکرگزار ہیں، پاکستان


پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے امام خامنہ ای کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے امام خامنہ ای کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں جاری جارحیت کے خلاف بیان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سارے ممالک کی جانب سےثالثی کی پیشکش کی جارہی ہے، تاہم بھارت مانے گا توبات آگے بڑھے گی۔

 پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، انٹرنیٹ سمیت ذرائع ابلاغ مکمل طور پر بند ہیں، ہم کشمیریوں کی جسمانی اور ذہنی اذیت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔

دفتر خارجہ میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کرفیوکب تک رکھے گا، ایک وقت تو ہٹانا پڑیگا،یہ کتناظلم کرے گا، ظلم بڑھے گا تو مٹ جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے کئی وزرائے اعظم سے کشمیر کے مسئلے پر بات کی ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ اس دفعہ سیلابی ریلے سے متعلق بھارت نے معلومات فراہم نہیں کی، پانی چھوڑے جانے سےمتعلق ڈیٹا نہ ملنے پر مسائل پیش آ رہے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر کھلا ہے، کسی کو مدد چاہیے تو دفتر خارجہ سے رابطہ کرے، کرتارپور راہداری سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے کوشش ہے کہ یہ راہداری وقت پر کھل جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں داعش کی کوئی منظم موجودگی نہیں ہے۔