ترکی میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے


ترکی میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے

انقرہ اور استنبول میں بھارتی سفارتخانے، قونصل خانے کے سامنے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق دیگر ممالک کی طرح ترکی میں بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

اس موقع پر ایناتولین یوتھ ایسوسی ایشن نامی تنظیم کے چیئرمین احمد سنورنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرپر بھارت نے قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارت نے نہیں بلکہ کشمیریوں نے خود کرنا ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ نے قراردادیں بھی پاس کر رکھی ہیں۔ نریندر مودی کے ناقابل قبول اقدامات اور فیصلوں کی وجہ سے خطے میں جنگ کا امکان پید ا ہو چکا ہے۔

دریں اثنا ترکی کی مختلف این جی اوز نے ایک بیان میں کشمیر پر ایک بڑی جنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بیان میں مذاکراتی راستے کھلے رکھنے پر زور دیتے ہوئے بھارت اور پاکستان سے کہا گیا کہ وہ جنگ سے گریز کریں۔

پرامن مظاہروں میں شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے بھی لہرائے اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرہ بازی کی۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے سامنے احتجاج کیا گیا جس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر بھی شریک ہوئے۔

مظاہرین میں پاکستانی، کشمیری اور دیگر کمیونٹی کے افراد شریک تھے جو مودی حکومت کیخلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل کیا جائے۔

 

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری