کراچی میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائی متعدد شرپسند گرفتار


کراچی میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائی متعدد شرپسند گرفتار

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں محرم الحرام سے پہلے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے کراچی کے مختلف علاقوں کارروائی کرکے لیاری گینگ وار، لوٹ مار اور منشیات فروشی میں ملوث متعدد شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاکستان رینجرز (سندھ) کے اعلامیے کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم نواز علی عرف مُلا کو گرفتار کیا جس کا تعلق لیاری گینگ وار (زاہد لاڈلا گروپ) سے ہے، ملزم مسلح لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

چاکیواڑہ اور میٹھادر میں عمر فاروق عرف گرینیڈ اور عبد الرزاق عرف کباڑیا کو گرفتار کیا، جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

رینجرز نے ڈیفنس کے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم محمد عیسٰی کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔

ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے جبکہ قانونی کارروائی کے لیے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری