بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید


بھارت کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نیکرن سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ میں 3 سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ بھارتی فوج نے نیکرن سیکٹر پر جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک بچی سمیت دو شہری شہید اور 3 زخمی ہوئے جبکہ بھارتی فوج کی گولہ باری سے 3گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 3 سال کی بچی نوشین اور 45 سالہ عبدالجلیل شامل ہیں جبکہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، بھارت فوج کی فائرنگ و گولہ باری میں اب تک کئی شہری اور فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر نکرن سیکٹر میں شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے بچی سمیت دو افراد کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بھارت شہری آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری