دنیا کا کوئی ملک ایران کو شکست نہیں دے سکتا؛ صدر حسن روحانی


دنیا کا کوئی ملک ایران کو شکست نہیں دے سکتا؛ صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتا تاہم دنیا کا کوئی ملک ایران کو شکست نہیں دے سکتا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران میں ایک لاکھ دس ہزار رہائشی مکانات کی تعمیر کے پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کیا اور اپنا موقف واضح طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایران دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ کسی بھی قسم کی کشیدگی کا خواہاں نہیں ہے۔

ایرانی صدر حسن روحانی کا عالمی جوہری معاہدے سے متعلق اپنے موقف کو دہراتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش میں نہیں رہا تاہم اگر ایران کے مفادات کا تحفظ یقینی نہ بنایا گیا تو وہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 میں ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر مجبور ہوں گے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا جی سیون کے اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ایک نئے معاہدے پر مذاکرات کی کوشش کریں گے جو 2015 کے عالمی معاہدے کی جگہ لے گا۔

 امریکی صدر کے ایران سے مذاکرات سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کو خوش آمدید کہیں گے لیکن اس سے پہلے امریکا کو ایران پر عائد غیر قانونی اور غیر منصفانہ پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔

صدر حسن روحانی تہران میں ایک لاکھ دس ہزار رہائشی مکانات کی تعمیر کے پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

 

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری