کشمیر کے سفیر؛ پاکستان کے وزیراعظم اور وزیرخارجہ کا مختلف ممالک کے حکمرانوں سے رابطہ


کشمیر کے سفیر؛ پاکستان کے وزیراعظم اور وزیرخارجہ کا مختلف ممالک کے حکمرانوں سے رابطہ

وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم ونسٹن پیٹر سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے علامی رہنماوں سے رابطوں میں تیزی آرہی ہے۔

اسی حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم ونسٹن پیٹر سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں مقبوضہ کشمیر کے حالات سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم سے ٹیکفونک رابطہ کیا۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے فرانس کے صدر کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی جابرانہ پالیسیاں سنگین انسانی بحران کا باعث ہیں، بھارت متنازع علاقے کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس موقع پر فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فرانس مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔

فرانس کے صدر نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم کے حالیہ فرانسیسی دورے پر صدر ایمانوئل میکرون نے مودی پر زور دیا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان سے مل کر بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے اردن کے شاہ عبداللہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم ونسٹن پیٹر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گفتگوہوئی۔

دونوں رہنماﺅں کی خطے کی امن وامان کی صورتحال پر بھی گفتگوہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، بھارت نے یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کی ،بھارت کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔  مقبوضہ کشمیر میں کرفیوکے باعث خوراک ادویات کی شدید قلت ہے۔

نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کشمیری کمیونٹی بھی حالات سے آگاہ کررہی ہے، ہم اس صورتحال میں مثبت کردارادا کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور دنیا بھر کے سربراہان مملکت سے اس حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 25 روز سے مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری