کراچی اور لاہور میں بارش؛ موسم بہتر، نظام زندگی متاثر


کراچی اور لاہور میں بارش؛ موسم بہتر، نظام زندگی متاثر

کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم تو بہتر ہوا پر نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بارش نے پاکستان کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور سمیت کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے جس سے بلدیاتی اداروں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے پول بھی کھل گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی، موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور کے الیکٹرک کے 700 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوگئے۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔ ان میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، بفرزون، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، گلشن اقبال، ملیر، لیاری سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی میں 40 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 38.5 ملی میٹر، ناظم آباد میں 18.5 ملی میٹر، بیس فیصل اور جناح ٹرمینل میں 16 ملی میٹر، صدر میں 10 اور یونیورسٹی روڈ پر 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مئیر کراچی وسیم اختر نے بارش کے باعث بلدیہ عظمیٰ کے لازمی سروسز کے عملے کو ڈیوٹی پر طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ میونسپل سروسز سمیت دیگر لازمی سروسز کے افسران اور اہلکار ڈیوٹیوں پر پہنچ کر شہریوں کی مدد کریں۔

وسیم اختر نے ہدایت کی کہ بلدیاتی عوامی نمائندے شہریوں کی خدمت کے لیے سڑکوں پر آ جائیں اور عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں۔

دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسد اللہ خان کے مطابق شہر کے نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر واٹر بورڈ کے موبائل ڈی واٹرنگ پمپ پہنچا دیے گئے ہیں جہاں سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔

بارش میں کرنٹ سے بچنے کے لیے کے الیکٹرک کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور کے پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش میں بچوں کا خاص خیال رکھیں اور احتیاط برتیں۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ برقی آلات کے ننگے پاں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، غیرقانونی ذرائع سے ہر گز بجلی حاصل نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

کراچی کی طرح لاہور میں بھی ہونے والی بارش نے تباہی مچادی ہے اور شہریوں کے معمولات زندگی کو معطل کر دیا۔ سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 78 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلشن راوی، مغلپورہ میں 52 ملی میٹر، ائرپورٹ پر 14 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لاہور کے علاقے مناواں میں دیوار گرنے سے 4 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بچے کرکٹ کھیل رہے تھے اور بارش سے بچنے کے لیے دیوار کے ساتھ کھڑے ہو گئے لیکن بارش کی وجہ سے دیوار ان کے اوپر گرگئی۔

ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا کام جاری ہے اور بہت جلد بارش کا پانی نکال دیا جائے گا۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری