مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر سپریم لیڈر اور ایرانی عوام کے مشکور ہیں: پاکستان


مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر سپریم لیڈر اور ایرانی عوام کے مشکور ہیں: پاکستان

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے مظلوم کشمیریوں کی حمایت کرنے پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم نے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں آواز بلند کرنے پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک ماہ سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیاں عروج پر ہیں ۔ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔ بھارت اپنے یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کے امن و امان کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا اور ایران کشمیر کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔

علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا اور ان کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ چند روز پہلے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی صدر حسن روحانی نے کشمیریوں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے بھارتی مظالم کی مذمت کی تھی اور اسی طرح گذشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ رئیسی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں کوئی بھی درد مند انسان خاموش نہیں رہ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کے سبھی قانونی عدالتی عہدیداروں سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کی پامالی کی اجازت نہ دیں۔

 

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری