آئی اے ای اے اور ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہان کی ملاقات


آئی اے ای اے اور ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہان کی ملاقات

ایٹمی توانائی کے عالمی ادارے آئی اے ای اے کے عبوری سربراہ کرنل فروتا نے تہران میں ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی سے ملاقات کی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آئی اے ای اے کے عبوری سربراہ کرنل فروتا اعلی ایرانی حکام سے ملاقات کی غرض سے تہران پہنچے جہاں انہوں نے ایٹمی معاہدے کے حوالے سے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی سے ایک اہم ملاقات کی۔

ایک طرف جہاں ایران نے یورپی ملکوں کو اپنے وعدوں پر عملدرآمد کے لیے دی جانے والے 2 ماہ کی مہلت ختم ہونے کے بعد یورینیم کی افزدودگی کی سطح تین اعشاریہ چھے سات فیصد سے بڑھانے کا آغاز کیا ہے وہیں اس نے یورپ کو خـبردار بھی کر دیا ہے کہ اگر یورپ نے وعدہ خلافی کی تو وہ ایران سے بھی ایٹمی معاہدے کی پاسداری کی توقع نہ رکھے۔

واضح رہے کہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے گذشتہ روز بیس آئی آر سکس سینٹری فیوج مشینوں کی چین میں گیس بھرنے اور پرامن مقاصد کے لیے اپنی ضرورت کا یورینیم افزودہ بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

اگرچہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے گذشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنا موقف ایک بار پھر دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ہمارا فی الحال ایٹمی معاہدے سے منحرف ہونے کا کوئی ارادہ نہیں تاہم امریکا نے حسب توقع ایران کے متعلق منفی پروپیگنڈے کا آغاز کردیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ٹوئیٹ کے مطابق ایران نے یورنیئم کی افزودگی میں اضافے کا حق محفوظ رکھا ہوا ہے جو کہ جوہری معاہدے کی پاسداری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن میں فرانس کے سابق سفیر جیراڈ ایورڈ نے امریکی وزیر خارجہ کے ٹوئیٹ پیغام کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران ایٹمی معاہدے سے بتدریج خارج ہو رہا ہے تو اس کا ذمہ دار امریکہ ہے جس نے طویل مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والے معاہدے کو مسترد کردیا اور وہ تمام پابندیاں دوبارہ عائد کردیں جو اس معاہدے کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ جوہری معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کرنے والے واحد قانونی ادارے آئی اے ای اے نے اب تک کی اپنی پندرہ رپورٹوں میں ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی مکمل پاسداری کی تصدیق کی ہے۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری