9 محرم الحرام، پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھرمیں جلوس عزا


9 محرم الحرام، پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھرمیں جلوس عزا

آج 9 محرم الحرام کو اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان سمیت دنیا بھرمیں جلوس برآمد

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  پاکستان میں جلوس و مجالس کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی

کربلا میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب با وفاکی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔

جلوس سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس برپا ہو گی جس میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی سیر ت و کردار پر روشنی ڈالی جائے گی۔

مجالس کے جلوس نمائش چورنگی سے پیپلز چورنگی اور صدر سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ، ریڈیو پاکستان اور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا جبکہ نماز ظہر و عصر  قائداعظم کے مزار کے وی آئی پی گیٹ کے سامنے ادا کی جائے گی۔

 واضح رہے کہ مرکزی جلوس کے راستوں اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جلوس کے روٹ پر آنے والی تمام سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر سیل کر دیا گیا ہے اور جلوس کی سیکیورٹی پر 7 ہزار سے ذائد پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ جلوس کی گزر گاہوں کی سرچنگ اور سوئیپنگ بھی کی کرے گا، جلوس کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

بلند عمارتوں پر بھی پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ شہر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے، جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

لاہور

لاہورمیں پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان تیار کر لیا، شہر میں ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، ٹریفک پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی تعیناتی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق 15 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

لاہور میں مرکزی جلوس کچھ دیر میں پانڈواسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا جبکہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پر اختتام پزیرہوگا۔

پشاور

پشاور میں شبیہہ زوالجناح کاجلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے 10 بجے برآمد ہوگا۔ صدرروڈ،فخرعالم روڈ،کالی باڑی،چوک فوارہ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پرختم ہوگا، شہر میں آج اور کل محرم کو جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی

کوئٹہ

کوئٹہ میں آج اور کل موبائل سروس صبح 6 بجے سے رات 12 بجے بند رہے گی، 2 روز کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ شہر میں آج اور کل محرم کو جلوس کے راستوں اور قریبی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں 9 محرم کامرکزی جلوس امام بارگاہ اثناءعشری سے آج دوپہر 1 بجے برآمد ہوگا ۔

راولپنڈی

واقعہ کربلا کی یاد میں صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں بھی جلوس اور مجالس جاری ہیں، راولپنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہو گا ۔

ملتان

ملتان میں 9 محرم کا مرکزی جلوس آج امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا، جلوس کے روٹ اور تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں بھی جلوس برآمد ہوں گے

نو محرم سن اکسٹھ ھجری کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا یزیدیوں کے محاصرے میں تھے اور اہلبیت رسول پر پانی بند تھا جس کی دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے یاد منائی جاتی ہے۔

نویں محرم یعنی تاسوعای حسینی (ع) کے موقع پر ایران کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں  جلوس نکالے جارہے ہیں اور مختلف انجمنیں ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔

 مشہد مقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام، قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضوں لاکھوں زائرین موجود ہیں اور امام حسین علیہ السلام کی یاد میں سینہ کوبی کررہے ہیں۔

آج ایران کی طرح پاکستان، ہندوستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکی، کویت ، لبنان اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی نویں محرم کی مناسبت سے جلوس ہائے عزا کا سلسلہ جاری ہے.

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری