پنجاب کبڈی ٹیم کی ایران روانگی


پنجاب کبڈی ٹیم کی ایران روانگی

سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے پنجاب کی کبڈی ٹیم آج ایران روانہ ہورہی ہے جہاں وہ تین کبڈی ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق تین کبڈی ٹیسٹ میچز کی سیریز اور پاک ایران کبڈی ٹریننگ کیمپ میں حصہ لینے کی غرض سے پنجاب کی کبڈی ٹیم آج ایران روانہ ہورہی ہے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور، ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر وحید بٹ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

رانا محمد سرور نے کہا کہ پنجاب کی کبڈی ٹیم کے دورہ ایران سے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئیگی اور پاک ایران تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ اگلا کبڈی ورلڈ کپ لاہور میں کرایا جائے جس کے لئے تیاری کررہے ہیں علاوہ ازیں انہوں نے اگلے سال کبڈی لیگ بھی منعقد کرانے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی کا کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی کو ہمیشہ فروغ دیا ہے۔ پنجاب کی کبڈی ٹیم کا دورہ ایران کامیاب رہے گا اور ہمارے کھلاڑی وہاں سے بہت کچھ سیکھ کر آئیں گے۔

پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر وحید بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب کی کبڈی ٹیم کے 10روزہ دورہ ایران سے ہمارے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، ہمارے کھلاڑی ایران کی قومی کبڈی ٹیم کے ساتھ کبڈی کے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلیں گے اور پاک ایران مشترکہ کبڈی ٹریننگ کیمپ میں بھی حصہ لیں گے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور، ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہر وحید بٹ صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا بھی کرایا تھا جس میں بھارت اورایران کی ٹیموں نے بھی شرکت کی تھی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری