طاہر القادری نے سیاست کو خیرباد کہہ دیا


پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا کہ مجھے تصنیف وتالیف کے بے پناہ کام اور صحت کے مسائل ہیں، اس لیے پاکستان کی سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں، میں اپنے تمام تر اختیارات سپریم کونسل کو دے رہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کرپشن کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا، پارلیمینٹ کا حصہ بن کر سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا، پارلیمنٹ میں سب کچھ ہوتا ہے لیکن عوامی فلاح اور بہبود کیلئے کچھ نہیں ہوتا۔

طاہر القادری نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری سیاست میں غریب اور متوسط طبقے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، زیادہ تر ارکان پارلیمینٹ صرف اور صرف اقتدار کیلئے زندہ رہتے ہیں۔سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی شہادتیں تحریک کی جاری جدوجہد کا ایک نتیجہ تھیں، 3 ماہ تک عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کے نتیجے میں احتساب کا ایک عمل شروع ہوا۔طاہر القادری نے کہا کہ مجھے تصنیف وتالیف کے بے پناہ کام اور صحت کے مسائل ہیں اس لئے پاکستان کی سیاست اور سیاسی سرگرمیوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی سرگرمیوں سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ میں اپنے تمام تر اختیارات سپریم کونسل کو دے رہا ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور کینیڈا کی دوہری شہریت رکھنے والے طاہر القادری 19 فروری 1951 کو پاکستان کے شہر جھنگ میں پیدا ہوئے تھے۔ طاہر قادری تحریک منہاج القرآن کے بانی رہنما بھی ہیں۔