اقوام متحدہ اور عالمی رہنما کشمیر میں قیام امن کے لئے مثبت کردار ادا کریں، ملالہ کا مطالبہ


اقوام متحدہ اور عالمی رہنما کشمیر میں قیام امن کے لئے مثبت کردار ادا کریں، ملالہ کا مطالبہ

نوبل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں امن کیلئے کام کریں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق کشمیر کی مظلوم عوام کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہوئے نوبیل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر میں امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ملالہ نے کہا کہ میری کشمیر میں رہنے اور کام کرنے والے صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور طلبا سے بات ہوئی، کشمیر میں مواصلاتی نظام کے بلیک آؤٹ کی وجہ سے اس رابطے میں بہت مشکل ہوئی۔

ملالہ نے کہا کہ کشمیریوں کا رابطہ دنیا سے منقطع ہے اور وہ اپنی آواز دنیا تک پہنچانے سے قاصر ہیں۔

ملالہ نے مزید کہا کہ کشمیری لڑکیوں کا کہنا تھا کہ ہم بس اپنے گھروں کے باہر بھارتی فوجیوں کے بوٹوں کی آواز سنتے ہیں جو بہت خوفزدہ کرنے والی بات ہے۔ ایسی آوازوں سے بچے بچیاں سہم جاتے ہیں۔

ملالہ نے کہا کہ کشمیرمیں بچوں، جوانوں سمیت ہزاروں افراد کی گرفتاریوں پرشدید تشویش ہے، 40 روز سے بچے اسکول نہیں جاسکے، لڑکیاں گھر سے باہر نکلتے ہوئے ڈرتی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگرعالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں امن کیلئے کام کریں،عالمی رہنما کشمیریوں کی آواز سنیں اور بچوں کا دوبارہ سے اسکول جانا ممکن بنوائیں۔

واضح رہے کہ 5 اگست سے مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری