افغانستان میں امن کے لئے عظیم قربانیوں کا بدلہ گولیوں سے ملنا احسان فراموشی ہے، شہباز شریف


افغانستان میں امن کے لئے عظیم قربانیوں کا بدلہ گولیوں سے ملنا احسان فراموشی ہے، شہباز شریف

قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مغربی سرحد پر افغانستان سے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو احسان فراموشی قرار دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے افغان سرحد سے پاکستان فورسز پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے چاروں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کے دعویدار وہاں دہشت گردوں کی موجودگی پر کیوں آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان حکومت اور امریکا سے اس پر وضاحت طلب کرے اور ان کو ’’ڈومور‘‘ کے لئے کہے۔

ان کا مطالبہ تھا کہ افغان اور عالمی افواج سے پوچھا جائے کہ افغانستان سے ہم پر ہونے والی فائرنگ کا کون ذمہ دار ہے؟

اپنی بات بڑھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان واقعات کے ذمہ دار وہ سازشی عناصر ہیں جو افغانستان میں امن نہیں چاہتے۔ ایک مرتبہ پھر خطے میں آگ بھڑکانے کی بھیانک سازشیں عروج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر شہید امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے عزم کا ثبوت ہے۔ اللہ تعالی شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجرعظیم دے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کی مغربی سرحد پر دہشت گردوں کے دو حملوں میں فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہوا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری