افغان سرحد سے پاک فوج پر فائرنگ / افغان ناظم الامور دفتر خارجہ طلب


افغان سرحد سے پاک فوج پر فائرنگ / افغان ناظم الامور دفتر خارجہ طلب

پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔

خبررساں ادارے تسنیم نے دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے بیان کے حوالے  سے خبر دی ہے کہ گذشتہ روز پاک افغان سرحد پر فائرنگ کے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ افغان ناظم الامور کو آہنی باڑ لگانے میں مصروف فوجی دستے پر فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاکستان کے 3 فوجی شہید ہوئے۔

دفترِ خارجہ کے احتجاجی مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغان حکومت اپنی طرف کے علاقوں کو محفوظ بنانے کی ذمے دار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی مغربی سرحد پر فائرنگ کے 2 واقعات میں 4 فوجی جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی مغربی سرحد پر دہشت گردوں کے دو حملوں میں فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔

دوسری جانب قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مغربی سرحد پر افغانستان سے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو احسان فراموشی قرار دیا ہے۔

انہوں نے چاروں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کے دعویدار وہاں دہشت گردوں کی موجودگی پر کیوں آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افغان حکومت اور امریکا سے اس پر وضاحت طلب کرے اور ان کو ’’ڈومور‘‘ کے لئے کہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری