بھارت کو ریلوے اسٹیشن اور مندر بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی؛ حقیقت یا افسانہ


بھارت کو ریلوے اسٹیشن اور مندر بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی؛ حقیقت یا افسانہ

بھارتی سیکیورٹی اداروں نے دعوی کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی جہادی تنظیم ’جیش محمد‘ نے 8 اکتوبر کو بھارت کے ریلوے اسٹیشن اور مندر بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتی سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی معروف جہادی تنظیم جیش محمد کے مجاہدین نے دھمکی دی ہے کہ 8 اکتوبر کو بھارت کے 11 ریلوے سٹیشنز اور 6 بڑی ریاستوں کے مندروں کو بم دھماکوں سے اڑا دیں گے۔

بھارتی سیکیورٹی اداروں کو یہ دھمکی جیش محمد مقبوضہ کشمیر کے مبینہ سیکٹر کمانڈر مسعود احمد نامی شخص نے خط کے ذریعے دی ہے ۔

دھمکی آمیز خط ہریانہ میں روہتک جنکشن کے سٹیشن سپرنٹنڈنٹ کو ڈاک کے ذریعہ موصول ہوا جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ 8 اکتوبر کو 11 ریلوے سٹیشنز اور 6 بڑی ریاستوں میں واقع مندروں کو بم کے ذریعے اڈا دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق دھمکی آمیزخط میں روہتک جنکشن، ریواڑی، ہسار، کروکشیتر، ممبئی سٹی، بنگلورو، چنئی، جے پور، بھوپال، کوٹا اور اٹارسی ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ راجستھان، گجرات، تمل ناڈو، مدھیہ پردیش، اترپردیش اور ہریانہ کے مندروں کو بم سے اڑانے کا ذکر کیا گیا ہے۔

دھمکی آمیز خط کے ملنے کے بعد دہلی ڈویژن اور امبالہ میں واقع ریلوے ایس پی دفتر تک کے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے ان ریلوئے سٹیشنز اور مندورں کی سیکیورٹی بڑھاتے ہوئے تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے ظلم و بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے مقبوضہ کشمیر کی جہادی تنظیم ’جیش محمد‘ کے حوالے سے یہ شوشہ چھوڑا ہے۔

جیش محمد کی جانب سے دی گئی مبینہ دھمکی حقیقت ہے یا افسانہ، اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت ہی کرے گا البتہ اس خبر کے پھیلنے سے بھارتی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری