عمران خان سعودی عرب سے امریکا روانہ


عمران خان سعودی عرب سے امریکا روانہ

وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دو روزہ مکمل کر کے امریکا چلے گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر اعظم عمران خانسعودی عرب کا دو روزہ مکمل کر کے امریکا چلے گئے ہیں۔

عمران خان نے اپنے 2 روزہ دورے میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے 21سے 27ستمبر تک امریکا کا دورہ کریں گے۔

اس موقع پر عمران خان کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، صحت عامہ اور سرمایہ کاری سے متعلق اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

پاکستان، ترکی اور ملائشیا کی سہ فریقی سمٹ سے خطاب کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم عالمی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے ساتھ ساتھ ایڈیٹورل بورڈ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اس دوران عمران خان امریکا میں موجود تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے جبکہ دورہ امریکا کے دوران وزیراعظم انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی ملاقات کریں گے اور 27ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال دنیا کے سامنے رکھیں گے جبکہ وزیراعظم کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف بھی پیش کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ کئی ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ وزرائے خارجہ کے اہم اجلاسوں سے خطاب کریں گے، وزیرخارجہ او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ سے بھی خطاب کریں گے۔

یاد رہے کہ امریکا کے دورے میں عمران خان کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور زلفی بخاری بھی ہمراہ ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری