اقوام متحدہ نے غیرجانبدار تحقیقات کیں تو ثابت ہوجائے گا کہ حملہ ایران نے نہیں کیا، جواد ظریف


اقوام متحدہ نے غیرجانبدار تحقیقات کیں تو ثابت ہوجائے گا کہ حملہ ایران نے نہیں کیا، جواد ظریف

سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کی عالمی تحقیقات کے حوالے سے ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ اگر شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی گئیں تو ثابت ہوجائے گا کہ حملوں میں ایران ملوث نہیں ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آرامکو پر یمنی ڈرون کی تحقیقات کے حوالے سے ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ شفاف تحقیقات کی گئیں تو ثابت ہو جاؕے گا کہ ان حملوں میں ایران ملوث نہیں ہے۔

جواد ظریف کا کہنا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا معاملہ غلط سمت کی طرف لے جایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ ہم سعودی تیل تنصیبات پر حملے سے متعلق اقوام متحدہ کی تحقیقات کو قبول نہ کریں کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ کس بنیاد پراقوام متحدہ کے ماہرین کو بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ نے تحقیقات کے لیے ماہرین بھیجنے پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی تاہم اگر اقوام متحدہ نے غیرجانبدار تحقیقات کیں تو ثابت ہوجائے گا کہ حملہ ایران نے نہیں کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا مزید کہنا ہے کہ جنگ کا آغاز ہم نہیں کریں گے البتہ اگر جنگ ہوئی تو یہ محدود نہیں رہے گی بلکہ پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آ جائے گا۔ ہم پراعتماد ہیں کہ جو جنگ کی ابتدا کرے گا وہ جنگ کا اختتام نہیں کرے گا۔

دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے اپنے ملک پر حملے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کسی بھی حملے کا نتیجہ حملہ آور کی تباہی کی صورت میں نکلے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ جس ملک نے بھی جارحیت کی اسی کو میدان جنگ بنا کر نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری