امریکا میں مودی کے خلاف احتجاج، شدید نعرے بازی + تصاویر


امریکا کے شہر ہیوسٹن میں ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے بھارتی وزیراعظم مودی کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرہ بازی کی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکا کے شہر ہیوسٹن کے این آر جی اسٹیڈیم میں بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کے جلسے کے خلاف مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی ریلی نکالی اور مودی کو نسل پرست قرار دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کی جانب دنیا کی توجہ دلائی۔

تفصیلات کے مطابق ہیوسٹن میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کے موقع پر امریکہ میں مقیم، پاکستانی اور کشمیری مسلمانوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین میں سکھ اور بھارتی مسلمان خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈا پور بھی مودی کے خلاف احتجاج میں پیش پیش رہے۔

مودی کے خطاب کے موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مودی کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر ”کشمیر بنے گا پاکستان“ اور ”گومودی گو“ کے فلک شگاف نعرے لگائے جن سے ہیوسٹن کی فضائیں گونج اٹھیں۔

یاد رہے کہ ان مظاہرین میں پاکستانیوں کے علاوہ سکھ، کشمیری اور بھارتی مسلمان بھی شامل ہیں۔