ایران جنرل اسمبلی میں خطے کی کشیدگی کم کرنے کا فارمولا پیش کرے گا


ایران جنرل اسمبلی میں خطے کی کشیدگی کم کرنے کا فارمولا پیش کرے گا

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران خلیج فارس میں کشیدگی کم کرنے کے لیے منصوبہ پیش کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا جا رہا ہے۔

ایک جانب جہاں پاکستان کے وزیراعظم نے دعوی کیا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے کو جنرل اسمبلی میں اس طرح پیش کریں گے جیسے آج تک کسی پاکستانی حکمران نے نہیں اٹھایا وہیں دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران خلیج فارس میں کشیدگی کم کرنے کے لیے منصوبہ پیش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری ویب سائٹ پر اپنے جاری بیان میں ایرانی صدر نے کہا ہے کہ اس سال تہران خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک منصوبہ پیش کرے گا جس کے مطابق ایران خلیج فارس میں جاری کشیدگی کو کم کر سکتا ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم ان کی طرح نہیں ہیں جو دوسروں کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور نہ ہی ہم کسی کو اپنی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اجازت دیں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج اورعظیم قوم کی طاقت و اقتدار کے ہوتے ہوئے دشمن کو ایران کے خلاف جارحیت کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان، عراق، خلیج فارس اور علاقے میں کسی بھی جگہ امریکیوں کی موجودگی ہمیشہ بدامنی کی باعث رہی ہے جبکہ ایران کی مسلح افواج نے ہمیشہ خطے کو امن و سلامتی کی سوغات دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی عوام نہ تو کسی سے ڈرتی ہے اور نہ ہی کسی ملک کی دولت سے مرعوب ہوتی ہے۔

 

 

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری