پاکستانی جوہری سائنسدان کی موت کی خبروں کی تردید


پاکستانی جوہری سائنسدان کی موت کی خبروں کی تردید

ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے انتقال کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور حیات ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے متعلق پچھلے کچھ دنوں سے یہ افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں کہ وہ کافی بیمار ہیں اور اُن کا انتقال ہوگیا ہے۔

ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ایسی تمام خبروں کی تردیدکی ہے۔

اس کے علاوہ فیس بک پر بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر شیئر کر کے وضاحت دی گئی ہے کہ ’میرے پاکستانیوں: السلام وعلیکم! اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں سلامت ہوں، میرے مرنے کی خبریں فیس بک پر میرے اور ملک دشمن عناصر لگا رہے ہیں۔‘

اس پوسٹ پر تمام صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ آپ کو طویل عمر سے نوازے اور ملک کو دشمنوں کے شر سے دور رکھے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کردار ناقابل فراموش ہے، ان کی شاندار خدمات پر انہیں 14 اگست 1996ء میں صدر پاکستان فاروق لغاری کی جانب سے پاکستان کے سب سے بڑے سِول اعزاز نشانِ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو 1989ء میں ہلال امتیاز کا تمغہ بھی دیا جاچکا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری