جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنے کا اعلان


جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاجی دھرنے کا اعلان

جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ کے زیراہتمام ملک بھر سے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے 29 ستمبر کو وزیر خارجہ اسلامی جمہوری پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، لاہور میں گورنر ہائوس، اسلام آباد اور کراچی میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا جبکہ ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

احتجاجی دھرنے میں جنوبی پنجاب بھر سے لاپتہ افراد کے لواحقین شرکت کریں گے، 29 ستمبر کے بعد یہ دھرنا مستقل طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی تک وزیر خارجہ ہائوس کے سامنے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھی جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام مخدوم شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے علامتی دھرنا دیا گیا تھا، جس میں یہ مطالبہ کیا گیا تھا کہ اگر آئندہ اتوار تک لاپتہ افراد کو بازیاب نہ کرایا گیا تو یہ دھرنا مستقل طور پر دیا جائے گا۔

دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام 29 ستمبر کو ملتان کے علاوہ لاہور میں گورنر ہائوس، اسلام آباد میں پریس کلب اور کراچی میں بھی پریس کلب کے سامنے بیک وقت احتجاج کیا جائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری