عمران خان وطن روانہ؛ شاندار استقبال کی تیاریاں


عمران خان وطن روانہ؛ شاندار استقبال کی تیاریاں

وزیراعظم عمران خان امریکا سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، جہاں ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر کے امریکا سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، جہاں ان کے شاندار استقبال کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔

اقوام متحدہ میں شاندار اور تاریخی خطاب کرنے کے بعد عمران خان وطن واپسی کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کو نیویارک سے رخصت کیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھرپور استقبال کا اعلان کیا ہے جس کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں، چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے تنظیمی عہدے داروں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔

سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف حصوں سے قافلے استقبالیہ میں شرکت کے لیے بروقت روانہ ہوں۔ کارکنان سہ پہر ساڑھے 3 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اکٹھے ہوں گے اور نہایت منظم مگر بھرپور جوش و جذبے سے اپنے عظیم قائد کو خوش آمدید کہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نیویارک سے وطن واپس آرہے تھے کہ ٹورنٹو کے قریب طیارے میں معمولی تکنیکی خرابی پیش آئی جس کے بعد کسی قسم کا رسک لیے بغیر طیارے کو دوبارہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ کی جانب موڑ ا گیا۔وزیراعظم نے بقیہ دن نیویارک میں گزارا جس کے بعد اب وہ نجی پرواز کے ذریعے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ سے وطن واپس روانہ ہوئے، وہ نیویارک سے براستہ جدہ پاکستان پہنچیں گے۔ وزیراعظم سعودی عرب کے شہر جدہ میں 3 گھنٹے قیام کریں گے جس کے بعد وہ آج شام اسلامآباد ائیرپورٹ پہنچیں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے باقی وزرا کو دوسری فلائٹ سے پاکستان جانے کی ہدایت کی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری