چمن دھماکہ: وزیراعظم کی مذمت؛ حکومت کو جواب دینا ہوگا، جے یو آئی


چمن دھماکہ: وزیراعظم کی مذمت؛ حکومت کو جواب دینا ہوگا، جے یو آئی

وزیراعظم عمران خان نے چمن بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ جے یو آئی نے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو اس خون کا جواب دینا ہوگا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے چمن بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےافسوسناک سانحہ میں جے یو آئی ف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی جبکہ سرکاری حکام کو بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے چمن بم دھماکے کے خلاف آج اتوار کے روز بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام ثابت ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا محمد حنیف پر ہونے والے حملہ کے بعد علماء کرام اور ہر پرامن شہری غیرمحفوظ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکوں سے ہمارے حوصلہ پست نہیں ہونگے، اکتوبر میں آزادی مارچ ہوگا۔

انہوں نے دھاکے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس خون کا جواب دینا ہوگا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں چمن کے علاقے تاج باغ میں ہونے والے بم دھاکے میں جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا محمد حنیف سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہو گئے تھے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری