پاکستان کے اہم سفارتی عہدوں میں تبدیلیاں /  ملیحہ لودھی برطرف


پاکستان کے اہم سفارتی عہدوں میں تبدیلیاں /  ملیحہ لودھی برطرف

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ سینئر سفارت کار منیر اکرم کو تعینات کردیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اہم سفارتی عہدوں پر بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کی منظوری دی ہے۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ سینئر سفارتکار منیر اکرم کو تعینات کردیا ہے۔

خیال رہے کہ منیر اکرم 2002 سے 2008 کے عرصے کے دوران بھی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے عہدے پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب رہنے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود ہی جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد یہ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر رکھا تھا۔

وزیر اعظم کے فیصلے کے بعد ملیحہ لودھی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ان کیلئے اپنے ملک کی خدمت کرنا بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ اس پر شکر گزار ہیں کہ انہیں 4 سال تک خدمت کا موقع فراہم کیا گیا۔ پاکستان کی دنیا کے اہم ترین فورم پر نمائندگی کرنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

اپنے بعد آنے والے منیر اکرم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں۔

دوسری جانب وزیراعظم نے ڈی جی یواین خلیل احمد ہاشمی کو جنیوامیں پاکستان کامستقل مندوب مقرر کردیا ہے۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ محمد اعجازکو ہنگری میں پاکستان کا سفیرمقررکردیا گیا ہے۔

پیانگ یانگ میں ناظم الامور سید سجاد حیدر کو کویت اور احسن کو مسقط میں پاکستان کا سفیرمقررکردیا گیا ہے۔ قونصل جنرل ٹورنٹوعمران احمد صدیقی کو ڈھاکہ میں اور سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے عبد الحمید کو ٹورنٹو میں اور ابرار حسین ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل مقرر کیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری