لاہور: سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں بھاری مارجن سے شکست دے دی


لاہور: سری لنکا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں بھاری مارجن سے شکست دے دی

3 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 64 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے سری لنکا کو بلے بازی کی دعوت دی۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 166 رنز کا ہدف دیا۔ جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 101 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

پاکستانی ٹیم اپنا اچھا آغاز نہ کر سکی اور پہلی وکٹ ہی 13 رنز پر گر گئی۔ پاکستانی بلے باز اوپنر بابر اعظم 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اگلی ہی بال پر دوسری وکٹ بھی گر گئی عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی 68 رنز پر گر گئی اور بلے باز افتخار احمد 25 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔

آصف علی اور عماد وسیم بھی زیادہ دیر میدان میں نہ ٹھہر سکے، 6 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ احمد شہزاد بھی 6 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے جبکہ فہیم اشرف 8، شاداب خان 6 اور محمد عامر ایک رن ہی بنا سکے۔

سری لنکا کے باؤلر نوان پرادیپ اور اسورو ادھانا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈی سلوا نے 2 اور راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔

سری لنکا کے اوپنر انوشکا گونا تھیلاکا نے 57 جبکہ اویشکا فرنینڈو نے 33 رنز بنائے۔ بھنوکا راجا پسکا 32 اور مہمان ٹیم کے کپتان دسون شناکا نے 17 رنز بنائے۔ اسی طرح شہیان جائیسوریا 2 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی باؤلر محمد حسنین نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور کم عمر ہیٹرک کرنے والے باؤلر بن گئے، شاداب خان نے ایک وکٹ لی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی کہہ چکا تھا ٹی ٹوینٹی میچ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی۔ سری لنکن ٹیم نے ہم سے بہت اچھا کھیل پیش کیا ان کی باؤلنگ بھی بہت اچھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد نے ماضی میں اچھا کھیلا تھا اور امید ہے اگلے میچوں میں بھی دونوں کھلاڑی اچھا کھیلیں گے۔ ٹی ٹوینٹی میچوں میں مسلسل کارکردگی دکھانا مشکل ہوتا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے کھلاڑی ہیں جو اگلے میچوں میں ٹیم کو جتوا سکتے ہیں۔ احمد شہزاد کو بطور اوپنر کھلانا تھا جس کی وجہ سے فخر زمان کو آرام کرایا۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال بھی میچ شروع ہونے سے قبل قذافی اسٹیڈیم پہنچے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ پاکستان میں لوٹ آئی ہے اور اب ملک میں کرکٹ کی رونقیں بحال ہوں گی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی قذافی اسٹیڈیم جا کر میچ دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونا ثبوت ہے کہ قوم دہشت گردی کو شکست دی چکی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خوش آئند ہے کہ یہ سلسلہ جہاں سے رکا تھا وہیں سے شروع ہو رہا ہے ، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت کھیلوں کا فروغ ہماری ترجیح ہے،ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے رہیں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری