اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پہلا پولیس اسٹیشن قائم


اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا پہلا پولیس اسٹیشن قائم کردیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل  کیلئے دارالحکومت اسلام آباد میں اپنی نوعیت کا پہلا پولیس سٹیشن قائم کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ پولیس سٹیشن کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنا ہے۔ پولیس سٹیشن کا افتتاح وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کل کریں گے۔

ذوالفقار بخاری کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو زمین اور پراپرٹی کے مسائل کا اکثر سامنا رہتا ہے، یہ پولیس سٹیشن اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔

معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے کہا کہ مستقبل میں اس قسم کے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے اکثر مسائل ان کے موجود نہ ہونے سے التوا کا شکار ہوتے ہیں۔ حکومت کے اس فیصلے سے ان کے مسائل میں کمی واقع ہوگی۔

اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اس حکومتی اقدام کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔