برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے


برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے

برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے ہمراہ پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں نور خان ائیر بیس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا اپنے 5 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستے پیش کئے۔

ائیر پورٹ آمد پر برطانوی شاہی جوڑے کو ریڈ کارپٹ سلامی دی گئی ۔ اس موقع پر سیکیورٹی فورسز کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

اس سے قبل نور خان ائر بیس پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 13سال بعد شاہی خاندان کا کوئی فرد پاکستان آرہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان اوربرطانیہ کے تعلقات میں بہتری کیلئے مدد گار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن آج صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جبکہ عمران خان شاہی جوڑے کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیں گے جبکہ دورے کے دوران سیکیورٹی افسران اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

پاکستان میں اپنے پانچ روزہ دورے میں شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ لاہوراورشمالی علاقہ جات کا دورہ کریں گے جبکہ ایک سکول کا دورہ بھی کریں گے۔

علاوہ ازیں شاہی مہمان کی چیریٹی پروگرام میں شرکت اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ بھی شیڈول کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ شاہی جوڑے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور وہ برٹش ہائی کمیشن میں قیام کریں۔

کنگسٹن پیلس کے مطابق دورہ برطانوی وزارت خارجہ کی درخواست پر کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے لندن میں پاکستانی ہائی کمشر نفیس زکریا نے اس دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کا دورہ دونوں ممالک کے گہرے اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری