اپنے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے والے بھارتی افسران کو کورٹ مارشل کا سامنا


اپنے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے والے بھارتی افسران کو کورٹ مارشل کا سامنا

27 فروری کو اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے بھارتی فضائیہ کے 2 افسران کو کورٹ مارشل کا سامنا کرنا ہوگا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ رواں سال 27 فروری کو میزائل حملے میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے پر بھارتی فضائیہ کے ایک گروپ کیپٹن اور ایک ونگ کمانڈر کورٹ مارشل کا سامنا کریں گے۔

علاوہ ازیں اس واقعے میں ملوث دیگر افسران جن میں دو ائیر کموڈرو اور دو فلائٹ لیفٹیننٹ شامل ہیں، کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال 27 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے افسران نے اپنے ہی روسی ساختہ ہیلی کاپٹر کو میزائل سے نشانہ بنا ڈالا تھا جس میں 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

اُس وقت بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کو لے کر جانے والا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ضلع بڈگام کے علاقے جیرنڈ کلاں میں تکنیکی خامیوں کے باعث گر کر تباہ ہوا ہے۔

تاہم پاکستان نے اس وقت بھی یہی موقف اختیار کیا تھا کہ بھارتی افواج نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر  کو نشانہ بنا دیا ہے اور چند روز قبل بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری