مذہبی جنونیت، قوم پرستی اور انتہا پسندانہ سوچ میں اضافہ ہورہا ہے، جنرل زبیر محمود


چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں قوم پرستی ایک نئے نام کے ساتھ پوری شدت کے ساتھ سامنے آرہی ہے جس کے منفی رجحان زیادہ ہیں، مذہبی جنونیت، قوم پرستی اور انتہا پسندانہ سوچ میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی اور طبقاتی تفریق بڑھ رہی ہے۔

اسلام آباد میں امن اور استحکام کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ قوموں کے درمیان تعلقات سیاسی و معاشی تناظر کی بنیاد پر بدلتے رہتے ہیں, قومیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے لائحہ عمل طے کرتی ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ دنیا میں تنازعات پر زیادہ زور اور ان کے حل پر کم ہے، جنوبی ایشیا کئی لحاظ سے دنیا کے باقی خطوں سے منفرد حیثیت رکھتا ہے یہ خطہ قدرتی وسائل ، معاشی مواقع اور فطری حسن سے مالا مال ہے اور اس کے مسائل بھی باقی دنیا سے الگ ہیں۔

جنرل زبیر حیات نے جنوبی ایشیا میں پاکستان کے محل وقوع، جغرافیائی اہمیت، قابل فخر ثقافت اور سیاسی حیثیت پر بھی اظہار خیال کیا اور پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے قربانیوں اور کاوشوں کا تذکرہ کیا۔