وزیرِاعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے / جواد ظریف کا خراج تحسین


وزیرِاعظم عمران خان وطن واپس پہنچ گئے / جواد ظریف کا خراج تحسین

وزیرِ اعظم عمران خان تہران اور ریاض میں مصالحت کی کوشش کے لیے کیے گئے دورۂ سعودی عرب کو مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں جبکہ مشرق وسطی میں جاری سیاسی کشیدگی کم کرنے کی کاوش پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق تہران اور ریاض میں مصالحت کی کوشش کے لیے کیے گئے دورۂ سعودی عرب کو مکمل کر کے وزیراعظم پاکستان وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

اپنے ایک روزہ دورے میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وزیرِاعظم عمران خان نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیاسی رابطوں اور سفارت کاری سے خطے میں تنازعات کا حل ممکن ہے۔

سعودی قیادت نے اُمید ظاہر کی کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں سے خطے میں کشیدگی اور تناؤ میں کمی ہوگی۔

وزیرِاعظم نے وطن روانگی سے قبل وفد کے ہمراہ روضۂ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ و سلم پر حاضری دی، نوافل ادا کیے اور ملکی ترقی، خوش حالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر اعلیٰ سعودی حکام اور پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیرِ اعظم عمران خان کو رخصت کیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے مشرق وسطیٰ میں امن اور ایران سعودی عرب کشیدگی کے خاتمے کی کوششں کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ خلیج فارس میں قیام امن کیلئے کوششیں کرنے پر ایران وزیراعظم عمران خان کا شکرگزار ہے ۔

جواد ظریف نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ایران خطے کے دیگر ممالک کو دعوت دیتا ہے کہ ہرمز میں قیام امن کے اقدامات میں شامل ہوجائیں۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری