ایران تیل بردار جہاز پرحملے کا سخت جواب دے گا، شمخانی


ایران تیل بردار جہاز پرحملے کا سخت جواب دے گا، شمخانی

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری جنرل شمخانی کا کہنا ہے کہ تیل بردارجہاز پرحملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں جس نے بھی ایرانی آئیل ٹینکر پر حملہ کرکے علاقے میں کشیدگی کی نئی فضا قائم کرنے کی کوشش کی ہے اس کو اسلامی جمہوریہ ایران منہ توڑ جواب دے گا۔

واضح رہے کہ ایران کے تیل بردارسمندری جہاز سابیتی کو گذشتہ جمعے کو سعودی عرب کی جدہ بندرگاہ کے قریب بحیرہ احمر کی گذرگاہ میں کم سے کم دو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا تھا ، آدھے گھنٹے کے وقفے سے ایرانی آئیل ٹینکر پر دوبار حملہ کیا گیا۔

علی شمخانی نے بدھ کو تہران میں شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے سے ملاقات میں داعش کو دوبارہ تقویت پہنچانے اور مغربی ایشیا میں بدامنی کو ہوا دینے کی امریکا کی ناپاک سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے کے ممالک اس طرح کے اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے جن سے علاقے میں عدم استحکام پیدا ہو رہا ہو، ذمہ داری اور ہوشیاری کا مظاہرہ کریں۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ علاقے میں کسی بھی طرح کی جنگ و جارحیت، امریکا اور صیہونی حکومت کی پالیسیوں کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی کیونکہ یہ حکومتیں خطے میں بدامنی اور بحران پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ان ملکوں کے عوام جو برسوں سے جنگ و خونریزی کا شکار رہے ہیں مزید بحران اور بدامنی کو تحمل کرنے کی توانائی نہیں رکھتے۔
شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے الیکزنڈر لاورتینوف نے بھی اس ملاقات میں شمالی شام کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور ماسکو کے مابین تعاون علاقے میں امن و استحکام کی تقویت میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری