"تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام" /  شاہد آفریدی کا سیاست میں پہلا قدم؟؟ + تصویر


"تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام" /  شاہد آفریدی کا سیاست میں پہلا قدم؟؟ + تصویر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ "تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام" کے عنوان سے خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے ملک کے شہر شہر، گلی گلی کا دورہ کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اشاروں کنعایوں میں سیاست میں حصہ لینے کی باتیں کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک بھر میں خواتین کیلئے تعلیم عام کرنے کا بیڑا اٹھا لیا۔

کراچی میں اپنی بیٹیوں، اقصیٰ اور انشاء کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، سری لنکا اور بنگلہ دیش آج تعلیم کی وجہ سے ہی پاکستان سے آگے نکل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم بہت ضروری ہے کیوں کہ لڑکی کو پڑھا کر ہم پوری نسل کو تعلیم یافتہ کرتے ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کی بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہے، ان کی خواہش ہے کہ ملک کی ہر بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کرے اور اس سلسلے میں وہ اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اگر حکومتیں ٹھیک کام کررہی ہوتیں تو آج غیر سرکاری تنظیموں کو میدان میں نہ آنا پڑتا۔

شاہد آفریدی ’تعلیم ہوگی عام، ہر بیٹی کے نام‘ کے عنوان سے خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے ملک کے شہر شہر، گلی گلی کا دورہ کریں گے اور اس مہم کا آغاز ملتان سے کریں گے۔

اس موقع پر آفریدی کی بیٹیوں نے بھی لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیا۔

یاد رہے کہ سابق کپتان فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے شاہد آفریدی فائونڈیشن بھی بنارکھی ہے تاہم پچھلے چند روز سے ان کے بیانات میں عملی سیاست میں داخل ہونے کے اشارے بھی مل رہے ہیں۔ کبھی وہ حکومت پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں اور کبھی ان کا کوئی سیاسی بیان اخبارات کی زینت بن جاتا ہے۔

بہرحال ہر ملک کی طرح پاکستان کو بھی اچھے سیاستدان کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے اور اگر شاہد خان آفریدی پاکستان کی سیاست میں عملی قدم رکھ دیتے ہیں تو یہ بات تو طے ہے کہ ان کا ووٹ بینک پہلے سے ہی تیار ہے۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کے مایہ ناز آل راونڈر رہ چکے ہیں اور دنیا بھر میں ان کے بلاشبہ لاکھوں نہیں کروڑوں پرستار ہیں۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری