پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے گڑھ لاڑکانہ میں شکست / حکومت اور پی پی میں لفظی جنگ


پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے گڑھ لاڑکانہ میں شکست / حکومت اور پی پی میں لفظی جنگ

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے پیپلز پارٹی کو ہوم گراﺅنڈ لاڑکانہ میں دوسری بار شکست دے دی جس سے حکومت اور بلاول بھٹو میں لفظی جنگ کا آغاز ہو گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ 2 میں بلاول بھٹو زرداری کی 5 روزہ انتخابی مہم بےسود رہی اور پی پی کو اپنے ہی گھر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جی ڈی اے کے امیدوار معظم علی عباسی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو کو 5 ہزار 556 ووٹوں سے شکست دے دی۔

پی ایس 11 لاڑکانہ 2 کے تمام 138 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی 31 ہزار557 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26 ہزار 21 ووٹ حاصل کرسکے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہاہے کہ لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ دیکھ کر بھٹو اور بی بی شہید کی روح کانپ گئی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کا وہ حال کردیاہے کہ اپنے گھر سے بھی جیت نہیں پا رہے ۔

اسی طرح تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھر میں عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار معظم عباسی کی کامیابی جعلی اکاؤنٹس پارٹی کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے ناطے کے باعث پی پی پی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔

وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ امید ہے بلاول اپنی زیر سرپرستی اور وزیراعلیٰ کی زیر نگرانی ہونے والے اس انتخاب کو جعلی قرار نہیں دیں گے۔

تاہم فردوس اعوان کی امیدوں کے برعکس بلاول بھٹو نے انتخابات کو دھاندلی قرار دے دیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلاول بھٹو نے لکھا کہ ضمنی انتخاب میں ہونے والی دھاندلی کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار کو پولنگ اسٹیشن کے اندر تک جانے نہیں دیا گیا جبکہ خواتین ووٹرز کو مخالف جماعت کے امیدوار کو ووٹ ڈالنے کے لئے دھمکایا گیا۔

خیال رہے کہ جی ڈی اے کے معظم علی عباسی کی جانب سے اثاثے چھپانے پر پی ایس 11 لاڑکانہ 2 کی سیٹ خالی ہوئی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری