حکومت نے مولانا کو مارچ کی اجازت دے دی


حکومت نے مولانا کو مارچ کی اجازت دے دی

سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آزادی مارچ آئین اور قانون کے دائرے میں رہا تو اجازت ہوگی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق حکومت نے جے یو آئی (ف) کو آزادی مارچ کی اجازت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں جے یو آئی (ف) کی آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت جمہوری روایات پر یقین رکھتی ہے لیکن حکومت کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔

سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آزادی مارچ آئین اور قانون کے دائرے میں رہا تو اجازت ہو گی، کسی کو بھی عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آزادی مارچ آئین، اعلیٰ عدالتی فیصلوں کی تشریح کے مطابق ہوا تو اس کی اجازت ہو گی۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے بتایا کہ وزیراعظم احتجاج کے جمہوری حق پر یقین رکھتے ہیں۔

تاہم جہاں ایک جانب اپوزیشن کو آزادی مارچ کی اجازت دی گئی تو وہی اسلام آباد پولیس نے مظاہرین کو ریڈ زون میں پہنچنے سے روکنے کے لیے حساس علاقوں میں کنٹینرز منگوالیے ہیں۔

دوسری جانب  حکومت کی جانب سے احتجاج کی مشروط اجازت ملنے پر رہنما جے یو آئی حافظ حسین احمد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے اجازت ملنا اچھی بات ہے، احتجاج کیلئے اسلام آباد میں ایک جگہ کا تعین کرلیا ہے۔

حکومت کے رویے کے مطابق احتجاج کا لائحہ عمل اپنائیں گے،کسی کےلئے مسئلہ نہیں بننا چاہتے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی صورت میں بھی قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہمارے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جے یو آئی (ف) رہنماوں کو کسی صورت میں قانون اپنے ہاتھ نہ لینے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری