اسرائیل چاہتا ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں جنگ ہو، عمران خان


اسرائیل چاہتا ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں جنگ ہو، عمران خان

سینئر صحافیوں، تجزیہ کاروں اور اینکر پرسنز سے بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسرائیل، سعودی عرب اور ایران کے درمیان جنگ چاہتا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں جنگ ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ سعودی عرب اور ایران میں مصالحت کرائی جائے۔

انہوں نے خطے میں جاری سعودی عرب اور ایران کے مابین سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا کھلے الفاظ میں اظہار کیا۔

یاد رہے عرصہ قبل ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بھی عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان 15 سال سے افانستان کے تنازع کو سہہ رہا ہے اب وہ خطے میں ایک مزید جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ میں نہیں جانتا کہ باقی ممالک اس معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہیں کہ نہیں لیکن یہ (ایران) عراق نہیں ہے، یہاں معاملہ مختلف ہے۔ ایران تنازع سے پاکستان پر بدترین اثرات مرتب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیعہ مسلمانوں میں سنی مسلمانوں کی نسبت شہادت کا جذبہ بہت زیادہ ہوتا ہے، مجھے ڈر ہے کہ لوگ سمجھ نہیں پا رہے کہ اس تنازع کا کیا انجام ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین سیاسی کشیدگی کے خاتمے کے لئے عمران خان نے رواں ماہ ایران اور سعودی عرب کے دورے کئے تھے اور دونوں ممالک کی اعلی قیادتوں سے ملاقات بھی کی تھی۔

 اس حوالے سے ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ مصالحت اور مذاکرات کے لئے تیار ہے البتہ یمن میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور لوگوں کی مدد کی جائے۔

اسی طرح ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے پاکستان کی قیام امن کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا اور اس زمرے میں ایران کے مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری