نواز شریف کی سزا معطلی درخواست،حکومت کو نوٹس جاری


نواز شریف کی سزا معطلی درخواست،حکومت کو نوٹس جاری

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر وزیراعظم ، چیئرمین نیب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس جاری کردیئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس محسن اختر کیانی پرمشتمل بینچ نے العزیزیہ ریفرنس میں شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کی سزا معطلی کی متفرق درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ڈویژن بینچ نے اس معاملے کو منگل کے لیے رکھا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سزا یافتہ قیدی کے معاملے میں صوبائی حکومت کواختیار ہے کہ وہ سزا معطل کر سکتی ہے،ایسی صورت میں یہ معاملے عدالت میں نہیں آنے چاہئیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ ایسی کیا عجلت ہوئی کہ یہ جلد سماعت کی متفرق درخواست دائر کی گئی ہے، جس پر وکیل شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف کو معمولی ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔

شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کل کے بعد سے نواز شریف کی طبیعت مزید خراب ہوئی ہے،ان کی جان کو خطرہ ہے۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں بھی تحریر ہے کہ نواز شریف کی طبیعت تشویشناک ہے۔

اس موقع پر عدالت کی جانب سے وزیراعظم پاکستان ، چیئرمین نیب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو نوٹس جاری کر دیئے گئے اور کہا گیا کہ آج ہی کوئی نمائندہ مقرر کر کے 4 بجے عدالت میں بھجوائیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی ہے تاہم ان کی رہائی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی تک ناممکن ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری