ایران: شیراز میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں مشعل بردار جلوس


ایران: شیراز میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں مشعل بردار جلوس

شیراز یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز ایران میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کیلئے پرامن احتجاج اور مشعل بردار مارچ کیا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایران کے شہر شیراز میں واقع شیراز یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کیلئے پرامن احتجاج اور مشعل بردار مارچ کیا گیا اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر ایران کے عالم حجۃ الاسلام شیخ امین یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر، شیعہ یا سنی اور رنگ و نسل کا معاملہ نہیں بلکہ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔

آج ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور جب تک کشمیریوں کو انصاف نہیں ملتا ہم ان کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے مظاہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب نہیں تو کب؟ اگر آپ نہیں تو کون؟

انہوں نے ایرانی رہنماؤں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔

یونیورسٹی میں زیر تعلیم مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلباء نے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری خاص طورپر عالمی رہنماؤں اور ایران کو واضح پیغام دیا کہ وہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پاکستان، عراق، لبنان، ہندوستان، افغانستان، مقبوضہ کشمیر، نائیجیریا، گھانا، ایران، شام، ترکی، انڈونیشیا، بحرین، صومالیہ اور فلسطین سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اس پرامن احتجاج میں حصہ لیا۔

مظاہرے میں شریک طلباء نے پلے کارڈزاور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر میں کشمیر کی آزادی کا خواب دیکھتا ہوں، ہم آزادی چاہتے ہیں، مواصلاتی پابندیاں ختم کرو، دنیا پوچھ رہی ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کیا چاہتا ہے؟ کشمیر کا جواب رائے شماری اور انسانیت کا ہمارا حق جیسے نعرے درج تھے۔

اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایران میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں احتجاج کیا گیا ہو۔ رہبر انقلاب اسلامی امام خامنہ ای سے لے کر سول سوسائیٹی تک کشمیروں سے یکجہتی کے لئے متعدد بار آواز بلند ہو چکی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری