پاکستانی کھلاڑی مکمل بےبس / آسٹریلیا نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا


پاکستانی کھلاڑی مکمل بےبس / آسٹریلیا نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا

آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آسٹریلیا نے مہمان ٹیم پاکستان کو 10 وکٹوں سے باآسانی ہرا کر نہ صرف میچ جیت لیا بلکہ ٹی 20 سیریز بھی  دو صفر سے اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پرتھ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی ٹیم اچھے کھیل ک مظاہرہ نہ کر سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 106 رنز ہی بنا سکی۔

کپتان بابراعظم نے 6، محمد رضوان نے 0، امام الحق نے 14، حارث سہیل نے 8، افتخار احمد نے 45، خوشدل شاہ نے 8، عماد وسیم نے 6، شاداب خان نے 1، محمد عامر نے 9 اور محمد حسنین نے 4 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مچل سٹارک اور سین ایبٹ نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشٹن اگر نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

دوسری جانب پاکستانی باولرز آسٹریلین بلے بازوں کے سامنے مکمل طور پر بےبس نظر آئے۔ میزبان آسٹریلین ٹیم نے مقررہ ہدف کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کی جارحانہ اور ذمہ دارنہ بلے بازی کے باعث بغیر کسی نقصان کے 12 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

ایرون فنچ نے 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 47 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 35 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

یاد رہے کہ مہمان پاکستانی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، محمد رضوان، حارث سہیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، محمد حسنین اور محمد موسیٰ شامل تھے۔

جبکہ میزبان آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ نے کی اور دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، بین میکڈرموٹ، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹن اگر، سین ایبٹ، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور بلی سٹین لیک شامل تھے۔

واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو یک طرفہ کھیل میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم ہارے ضرور ہیں لیکن اس سیریز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، فنچ اور وارنر نے عمدہ کارکردگی پیش کی۔ ان کا کہنا تھا  کہ ٹیسٹ سیریز میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچ 21 اور 29 کو کھیلے گی۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری