اسرائیل کی لیز ختم / غومر اور البقورہ  میں داخلے پر پابندی


اسرائیل کی لیز ختم / غومر اور البقورہ  میں داخلے پر پابندی

اسرائیل کی لیز ختم ہونے پر اردن کی جانب سے غومر اور البقورہ کے علاقوں پر آج سے اسرائیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اردن کے حکمران شاہ عبداللہ دوئم کا کہنا ہے کہ اردن معاہدےکے تحت غومر اور البقورہ کا الحاق ختم کرے گا اور دونوں علاقوں پر ہم اپنی خودمختاری نافذ کریں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 1948 کی جنگ میں شمالی اردن کے علاقے البقورہ پر قبضہ کر لیا تھا جب کہ 1967 کی جنگ میں اسرائیل نے جنوبی اردن کے علاقے غومر کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا۔

 اسرائیل کی جانب سے یہ علاقے زرعی اور سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔

1994 میں ہونے والے معاہدے کے تحت یہ علاقے اردن کو واپس مل گئے لیکن اسرائیل نے ان علاقوں کو 25 سال کے لیے اردن سے لیز پر لے لیا تھا اور معاہدے کے تحت لیز کی مدت 26 اکتوبر 2019 کو ختم ہو چکی ہے۔

اردن اور اسرائیل کے درمیان حالیہ عرصے میں تعلقات میں کشیدگی کے بعد اردن نے اسرائیلی حکومت کو صاف الفاظ میں مطلع کیا تھا کہ وہ غومر اور البقورہ کے لیز کے معاہدے کی تجدید نہیں کرے گا۔

لہذا اردن نے اسرائیل کی طرف سے لیز میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کر دی اور آج سے غومر اور البقورہ کے علاقوں پر اسرائیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری