ہیلمٹ پہن کر کام کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تصویریں وائرل


ہیلمٹ پہن کر کام کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تصویریں وائرل

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر باندہ میں محکمہ بجلی کے افسران اور عملہ کی ہیلٹ پہن کر کام کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارت کے ایک سرکاری دفتر میں چھت سے گرنے والے پلستر سے بچنے کے لیے ملازمین مجبور ہیں کہ ہیلمٹ پہن کر دفتر میں کام کریں اور ان کی یہ تصاویر  سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر باندہ میں محکمہ بجلی کے افسران اور عملہ اپنا سر بچانے کے لیے ہیلمٹ پہننے پر مجبور ہے۔ اس دفتر کی چھتیں اتنی خستہ ہیں کہ آئے دن وہاں سے بھاری پلستر گرتے رہتے ہیں اور بار بار کی شکایت کے باوجود انتظامیہ نے کوئی قدم نہیں اٹھایا اور اسی وجہ سے عملہ اپنی حفاظت خود کرنے پر مجبور ہے۔ عملے کی یہ تصاویر بعض لوگوں کے لئے قہقے اور بعض کے لئے تشویش اور بعض کے لئے شرم کا باعث بن رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان تصاویر پر مختلف لوگ مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دفتر میں کام کرنے والے افراد چھت سے گرنے والے پتھروں سے زخمی ہوچکے ہیں اور آخر کار اب ہیلمٹ پہننے پر مجبور ہیں۔

اخباری نمائندوں نے خود یہاں کا دورہ کرکے جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ دفتر کی چھت پر سوراخ بن چکے ہیں اورسیمنٹ کے ایک بوسیدہ ستون نے اسے سہارا دیا ہوا ہے۔ بعض حلقے تو اس دفتر کی پوری عمارت کو ہی خطرناک قرار دے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 2017ء میں بھارت کے ایک اور سرکاری دفتر میں لوگ ہیلمٹ پہننے پر مجبور تھے جہاں کی چھت اسی طرح بوسیدہ تھی۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری