مولانا کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان / اب اہم شاہراہیں بند کریں گے


مولانا کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان / اب اہم شاہراہیں بند کریں گے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں 14 دنوں سے جاری  دھرنا ختم کرکے کارکنان کو سڑکوں پر آکر ملک کی اہم شاہراہیں بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارےجاں نثاراورعام شہری سڑکوں پرنکل آئے ہیں، ان کوآپ کے تعاون کی ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم یہاں سےروانہ ہوں گےاورسڑکوں پرنکلنے والے کارکنان تک پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کی موجودگی نے حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں۔ دیوارہل چکی ہے، گرتی دیوار کو ایک دھکا اوردو۔

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے کارکنان کو امن و امان کی صورتحال پر خاص توجہ دینے کی تاکید کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ شاہراہیں بند کریں لیکن ایمبولینسوں کو راستہ دیں۔

انہوں نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ اور نئے انتخابات سے کم کچھ قبول نہیں کیا جاسکتا۔

دوسری جانب مولاناعطاء الرحمان نے کہا کہ آج دوپہر دو بجے سے خیبرپختونخوا کو راولپنڈی سے ملانے والے اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا جبکہ پنجاب میں بزدار شاہراہ کو بھی بند کیا جائے گا۔ شاہراہ ریشم کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ اب لوئر دیر میں چکدرہ چوک، انڈس ہائی وے کو بھی بند کریں گے۔

اسی طرح مولانا راشد سومرو نے کہا کہ کارکن آج کراچی میں حب ریورروڈ، سکھر میں موٹر وے، گھوٹکی سےپنجاب میں داخل ہونے والی شاہراہ اور کندھ کوٹ سے پنجاب میں داخل ہونے والے راستے کو بند کردیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز مولانا نے اپنے پلان بی کے تحت ملک کی اہم شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری