کشمیری 125 ویں روز بھی بدستورگھروں میں محصور


کشمیری 125 ویں روز بھی بدستورگھروں میں محصور

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 125 روز ہوگئے، کشمیریوں کے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں، مواصلاتی رابطے بدستور منقطع ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن 125 ویں روز بھی برقرار ہے، جامع مسجد سری نگر سمیت مقبوضہ وادی کی مساجد میں مسلسل اٹھارہویں ہفتے (گزشتہ روز) نمازِ جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔

کشمیریوں کی جانب سے بھارتی ظالمانہ و غاصبانہ اقدامات کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا گیا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ جاری لاک ڈاؤن سے معیشت کو 1 کھرب 50 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے محروم کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے زبردست مظاہرے کیے۔

گزشتہ روز سری نگر، بڈگام، گاندر بل، پلواما، کلگام، شوپیاں، باندی پورہ اور کپواڑہ سمیت دیگر علاقوں میں بھارتی قبضے کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔

کشمیریوں نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے جس پر بھارتی فورسز نے ان پر اپنی طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔

 

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بھارتی لاک ڈاؤن کے سبب دکانیں، تعلیمی و کاروباری ادارے بند ہیں، سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔

مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ کی سروس کی بدستور معطلی سے جہاں کشمیری اپنے پیاروں سے رابطوں کے لیے ترس رہے ہیں وہیں مقبوضہ وادی کی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری