پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، رونقیں بحال


پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، رونقیں بحال

پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوگئیں اور پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے میچ میں مہمان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان دمتھ کرونارتنے نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے اس لیے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔

سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ان کنڈیشز میں کھیلنے کے عادی ہیں۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو میں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے بتایا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر خوشی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج کے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے عابد علی اور عثمان شنواری نے ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے یاسر شاہ کو ٹیم سے باہر کرنے کے فیصلے کو مشکل قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی بہت پرجوش ہیں اور ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی بہت خوشی ہے کیوں کہ بہت عرصے سے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی۔

قبل ازیں اس حوالے سے کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم بھی مضبوط ہے اور آج کی وکٹ فاسٹ باؤلرز کو مدد کرے گی اور چونکہ پاکستان میں سردیوں کا آغاز ہے اس لیے وکٹ پر بھی گھاس ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج ہونے والے پاک-سری لنکا ٹیسٹ میچ کے ساتھ ہی ملک میں 10 سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگئی جبکہ یہ اسٹیڈیم 15سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کررہا ہے۔

رواں سال ستمبر اور اکتوبر میں سری لنکن ٹیم نے محدود اوورز کی سیریز کے لیے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کی امیدیں روشن ہو گئی تھیں اور سری لنکا کی ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی ملک میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا۔

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل تمام 16 کھلاڑیوں کی یہ پہلی ٹیسٹ سیریز ہے کیونکہ ان تمام ہی کھلاڑیوں نے 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ 75 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کپتان اظہر علی کا بھی یہ پاکستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

واضح رہے کہ ہوم سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، فواد عالم کو افتخار احمد کی جگہ جبکہ محمد موسیٰ کی جگہ عثمان شنواری کوٹیم میں شامل کیاگیا ہے، تاہم محمد موسیٰ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔

ملک میں 10 سال بعد ہونے والے پہلے ٹیست میچ کے لیے فواد عالم کو بھی 10 سال بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن پہلے ٹیسٹ کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ میں وہ اور یاسر شاہ جگہ نہ بناسکے۔

پاکستانی ٹیم: میں کپتان اظہر علی کے علاوہ حارث سہیل، عابدعلی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمدرضوان، محمدعباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

سری لنکن ٹیم: میں پہلے ٹیسٹ میچ میں نروشن ڈک ویلا، دھننجیا ڈی سلوا، دلروان پریرا، وشوافرنینڈو، کاسون راجیتھا، لہرو کمارا، دیموتھ کرونارتنے، اوشادافرنینڈو، کوشال مینڈس، انجیلومیتھیوز اور دنیش چندیمل سری لنکن ٹیم میں شامل ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری