وزیراعظم ایک روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ


وزیراعظم ایک روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ

پاکستان کے وزیروزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر ریاض روانہ ہوگئے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے ریڈیو پاکستان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وزیراعظم سعودی قیادت سے ملاقات کے دوران ’دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال میں حالیہ تبدیلیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور وفود کے تبادلوں کا حصہ ہے جس کے دوران وزیراعظم روضہ رسول ﷺ پر بھی حاضری دیں گے۔

اس بارے میں عرب ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ، ملائیشیا میں 18 سے 20 دسمبر تک منعقد ہونے والے کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت کے فیصلے پر سعودی عرب کے ناراض ہونے کے اشاروں کے بعد تشکیل دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ کوالالمپور سربراہی اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوغان، قطری امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور ایران کے صدر حسن روحانی بھی شرکت کریں گے۔

مذکورہ اجلاس میں انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کے اجلاس میں شرکت کا بھی امکان تھا تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ دباؤ کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔

یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ملائیشیا کا اقدام کیسا ہے تاہم سعودی عرب پہلے ہی اس اجلاس کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا متبادل پیش کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

یہ بات مدَ نظر رہے کہ تیزی سے غیرفعال ہوتی اسلامی تعاون تنظیم سعودی قیادت کے تحت کام کرتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اس اجلاس میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس سلسلے میں وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’کوالالمپور سربراہی اجلاس پاکستان کو مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز خاص طور پر حکمرانی، ترقی، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے پر تبادلہ خیال کرنے اور ان کے حل تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ریاض کو منانے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھیجا تھا جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقات کی تھی۔

علاوہ ازیں گزشتہ چند ماہ سے وزیراعظم نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوشش کی تھی، تاہم اس حوالے سے ماضی کی کوششوں کی طرح حالیہ اقدام میں بھی زیادہ کامیاب نہیں ہوئی تھی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری