ایران پرامریکی الزام عراقی شہریوں کی توہین ہے، سید عباس موسوی


ایران پرامریکی الزام عراقی شہریوں کی توہین ہے، سید عباس موسوی

اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے امریکی الزم کو یکسرمسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا عراقی شہریوں کی توہین کررہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان نے حشد الشعبی کے مراکزپر حملے کی شدید مذّمت کی اور کہا امریکا درجنوں عراقی شہریوں کو خاک وخون میں غلطاں کرنے کے بعد بھی چاہتا ہے کہ اس کے خلاف کوئی مظاہرہ نہ ہو!

انہوں نے کہا کہ کس لئے اور کس بنیاد پر آپ کو توقع ہے کہ عراقی عوام ان تمام جرائم پر خاموش رہیں گے؟

سیدعباس موسوی کا کہنا تھا کہ امریکا عراقی قوم کی خودمختاری اور آزادی کے جذبے کو نظر انداز کر رہا ہے اور دوسری طرف وہ عراق کے سابق آمر صدام اور دہشت گرد گروہ داعش کی حمایت کررہا ہے۔

واضح رہے کہ بغداد میں امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج اور بعض افراد کی سفارت خانے میں گھس کر توڑ پھوڑ کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلامی جمہوریہ ایران کو ان واقعات کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

 ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل ذمہ داری تہران پرعائد ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ عراقی شہریوں نے الحشد الشعبی کے مراکزپر دہشت گردانہ حملوں کے خلاف بغداد میں امریکی سفارتخانے کے باہر سخت احتجاج کیا تھا۔

 مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کے ایک گیٹ کو بھی آگ لگادی تھی اور سفارتخانے کی دیوار پر چڑھ کر وہاں الحشد الشعبی کا پرچم لہرایاتھا۔

 

 

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری